کراچی: لانڈھی میں مکان کی دوسری منزل پر گیس لیکیج کے باعث دھماکے میں خاتون جاں بحق، جوان بیٹی اور دو بیٹے جھلس کر زخمی ہوگئے، آتشزدگی سے گھر کا تقریباً سامان جل گیا۔
ایکسپریس کے مطابق لانڈھی تھانے کے علاقے لانڈھی نمبر 4 شاہی مسجد کے قریب 2 منزلہ مکان کی دوسری منزل پر گیس لیکیج کے باعث زوردار دھماکا ہوا اور آگ بھڑک اٹھی، دھماکے کے بعد فائر بریگیڈ نے پہنچ کر آگ پر قابوپایا ساتھ ہی پولیس اور امدادی ادارے بھی پہنچ گئے۔
دھماکے کے سببب گھر میں موجود خاتون، لڑکی اور 2 بچے جھلس کر زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں خاتون دم توڑ گئیں، ان کی شناخت 35 سالہ فائزہ زوجہ فیصل کے نام سے ہوئی، زخمیوں میں 19 سالہ بیٹی میہا دختر فیصل اور دو بیٹے 8 سالہ سبحان اور 13 سالہ آلیان شامل ہیں، دونوں بیٹے معمولی جھلس کر زخمی ہوئے ہیں انہیں فوری طبی امداد دینے کے بعد گھر روانہ کردیا گیا جبکہ متوفیہ خاتون کی بیٹی میہا اسپتال میں زیر علاج ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق علاقے میں کئی روز سے سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے ممکن ہے کہ گیس کھلی رہ گئی ہو اور گیس کے اخراج سے گیس جمع ہو گئی اور جسے ہی دوپہر میں چولہا چلانے کے لیے ماچس چلائی گئی تو دھماکا ہو گیا۔
محکمہ فائر بریگیڈ کے مطابق 2 منزلہ مکان کی دوسری منزل پر دھماکے کے بعد گھر میں آگ بھڑک اٹھی تھی، فائربریگیڈ عملہ پہنچا توآگ لگی ہوئی تھی، دھماکا 2 منزلہ مکان کی دوسری منزل کے باورچی خانے میں ہوا اور آگ نے مکان کے باورچی خانے سمیت 2 کمروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا، آتشزدی کے دوران مکان کے باورچی خانے اور کمروں میں موجود سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔
پریڈی تھانے کے قریب گیس ویلڈنگ کی دکان میں دھماکا، لوگ خوف زدہ
دریں اثنا پریڈی پولیس اسٹیشن کے قریب گیس ویلڈنگ کی دکان میں ویلڈنگ پلانٹ سے منسلک ٹیوب زوردار دھماکے سے پھٹ گئی جس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور اطراف میں خوف پھیل گیا، لوگ گھروں اور دکانوں سے باہر نکل آئے۔
دھماکے کی اطلاع پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور فوری طور پر کرائم سین یونٹ کو طلب کرلیا۔ ایس ایچ او پریڈی محمد زاہد کے مطابق دھماکا گیس ویلڈنگ کی دکان میں ویلڈنگ پلانٹ سے منسلک ٹیوب پھٹنے سے ہوا، دھماکے کے نتیجے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔