ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار و فلمساز ارباز خان کی دوسری شادی پر اُن کے والد سلیم خان کا ردعمل سامنے آگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سلیم خان نے اپنے حالیہ انٹرویو میں ارباز خان اور شوریٰ خان کی شادی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ “ارباز پڑھا لکھا اور سمجھدار انسان ہے، وہ اپنے فیصلے خود کرسکتا ہے، اُسے دوسری شادی کے لیے میری اجازت کی ضرورت نہیں”۔
سلیم خان نے کہا کہ “ارباز خان نے مجھے بتایا کہ وہ شوریٰ سے شادی کررہے ہیں تو میں نے کہا ٹھیک ہے اور میرا ماننا ہے کہ ہمیں دوسروں کی زندگی میں دخل نہیں دینا چاہیے کیونکہ اس سے مسائل پیدا ہوتے ہیں”۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ “دوسری شادی کرنا گناہ نہیں ہے، ارباز اور شوریٰ خان نے شادی کا فیصلہ کیا اور شادی کرلی، میں دونوں کے لیے بہت زیادہ خوش ہوں اور دونوں کو ڈھیر ساری دُعائیں بھی دی ہیں”۔
یاد رہے کہ ارباز خان نے 24 دسمبر کو ممبئی میں چند قریبی دوستوں اور اہلخانہ کی موجودگی میں میک اپ آرٹسٹ شوریٰ سے دوسری شادی کی، ان کے نکاح کی تقریب اُن کی بہن ارپیتا خان شرما کے گھر منعقد کی گئی تھی۔
شوریٰ خان بالی ووڈ میک اپ آرٹسٹ ہیں، ارباز خان اور شوریٰ خان کی پہلی ملاقات نئی آنے والی فلم ‘پٹنہ شکلا’ کے سیٹ پر ہوئی تھی جہاں سے ان دونوں کی محبت کی کہانی کا آغاز ہوا تھا۔واضح رہے کہ ارباز خان کی پہلی شادی دسمبر 1998 میں ملائکہ اروڑا سے ہوئی تھی، اُن کی پہلی شادی کامیاب نہ ہوسکی اور 19 سال بعد مئی 2017 میں دونوں میں طلاق ہوگئی تھی، اس جوڑی کا 21 سالہ بیٹا بھی ہے جس کا نام ارہان خان ہے۔