ممبئی: 2023 ختم ہونے میں بس ایک دن باقی ہے، رواں سال کئی بالی ووڈ اسٹارز نے اپنے لیے جیون ساتھی کا انتخاب کرکے اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا۔
2024 کے آغاز سے قبل، اُن بالی ووڈ اسٹارز پر نظر ڈالتے ہیں جو رواں سال رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے، ان میں سے کچھ اسٹارز ایسے بھی ہیں جنہوں نے دوسری شادی کی۔
آئیے ہم 2023 کی کچھ خوبصورت مشہور شخصیات کی شادیوں پر نظر ثانی کرتے ہیں جن کی شادیاں رواں سال توجہ کا مرکز بنیں۔
سوارا بھاسکر اور فہد احمد:
سال 2023 کا آغاز بالی ووڈ اداکارہ اور سماجی رُکن سوارا بھاسکر کی شادی سے ہوا، اُنہوں نے 6 جنوری کو بھارت کی سیاسی پارٹی سماج وادی کے رُکن فہد احمد سے کورٹ میرج کی لیکن شادی کا باقاعدہ اعلان 16 فروری کو سوشل میڈیا پر کیا۔
سوارا بھاسکر نے سوشل میڈیا پر فہد احمد سے شادی کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’ہم اکثر کسی ایسی چیز کو ڈھونڈتے ہیں جو ہمارے بےحد نزدیک ہوتی ہے ہم پیار ڈھونڈ رہے تھے لیکن ہمیں دوستی پہلے مل گئی اور پھر ہم نے ایک دوسرے کو ڈھونڈ لیا۔ فہد ضِرار احمد میرے دل میں خوش آمدید، اس میں تھوڑی افراتفری ہے لیکن یہ تمہارا ہے‘۔
آتھیا شیٹی اور کے ایل راہول:
رواں سال 23 جنوری کو بالی ووڈ اسٹار سنیل شیٹی کی بیٹی اور اداکارہ آتھیا شیٹی نے اپنے بوائے فرینڈ اور بھارتی کرکٹر کے ایل راہول سے شادی کی، آتھیا شیٹی اور کے ایل راہول کی شادی میں صرف خاص رشتہ داروں اور دوستوں کو مدعو کیا گیا تھا۔
شادی کے اگلے روز، اس اسٹار جوڑی نے اپنی شادی کی دلکش تصاویر اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پوسٹ کی تھیں، جنہیں مداحوں کی جانب سے بےحد پسند کیا گیا تھا۔
کیارا ایڈوانی اور سدھارتھ ملہوترا:
کیارا اڈوانی اور سدھارتھ ملہوترا 7 فروری کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے، مداحوں کو اس جوڑی کی شادی کا بےصبری سے انتظار تھا، اس جوڑی کی شادی کی تقریب جیسلمیر میں واقع سوریا گڑھ پیلس ہوٹل میں منعقد ہوئی تھی جس میں شوبز کی معروف شخصیات شاہد کپور، کرن جوہر، جوہی چاؤلہ اوردیگر نے شرکت کی تھی۔
شادی کے دن کیارا ایڈوانی نے منیش ملہوترا کا ڈیزائن کردہ گلابی رنگ کا عروسی لہنگا زیب تن کیا تھا جس میں وہ کافی حسین لگ رہی تھیں، اس جوڑی کی شاہی طرز کی شادی کو مداحوں نے بہت پسند کیا تھا۔کیارا ایڈوانی اور سدھارتھ ملہوترا کی شادی کی تصویر انسٹاگرام پر بھارت میں سب سے زیادہ لائیکس لینے والی تصویر بنی تھی، دونوں نے اپنی شادی کی تقاریب کو انتہائی خفیہ رکھا تھا اور کسی کو بھی ان کی تصاویر کھینچنے کی اجازت نہیں تھی۔
پرینیتی چوپرا اور راگھو چڈھا:
بالی ووڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا نے 24 ستمبر کو ریاست راجستھان کے شہر اودے پور میں اپنے اہلخانہ اور قریبی دوستوں کی موجودگی میں ایک شہانہ انداز میں شادی کی، دونوں کی آپس میں شادی روایتی پنجابی انداز میں ہوئی جہاں انہوں نے اپنے اہلخانہ اور قریبی دوست احباب کے سامنے پھیرے لیے۔
پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا کی شادی میں رازداری کا خاص خیال رکھا گیا تھا اور شادی میں شریک ہونے والے مہمانوں کو ہدایت دی گئی تھی کہ جوڑے کی تصویر لے کر سوشل میڈیا پر وائرل نہ کی جائے، اس جوڑی کی شادی میں دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال، پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان سمیت پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے بھی شرکت کی تھی۔
رندیپ ہودا اور لین لائشرام:
بالی ووڈ اداکار رندیپ ہودا نے 29 نومبر کو اپنی گرل فرینڈ اور اداکارہ و ماڈل لین لائشرام سے شادی کی، اس جوڑی کی شادی بھارتی ریاست منی پور کے دارالحکومت امفال میں ہوئی جہاں اُنہوں نے روایتی میتی قبیلے کی رسومات کے تحت شادی کی۔
رندیپ ہودا اور لین لائشرام نے اپنی شادی کے دن روایتی میتی قبیلے کے ملبوسات زیب تن کیے تھے، بعدازاں جوڑی نے ممبئی میں اپنے انڈسٹری کے دوستوں کے لیے شادی کے استقبالیے کی میزبانی کی تھی۔
ارباز خان اور شوریٰ خان:
ارباز خان نے 24 دسمبر کو ممبئی میں چند قریبی دوستوں اور اہلخانہ کی موجودگی میں میک اپ آرٹسٹ شوریٰ سے دوسری شادی کی، ان کے نکاح کی تقریب اُن کی بہن ارپیتا خان شرما کے گھر منعقد کی گئی تھی۔