بھارتی وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سیلاب فوجی کیمپوں سے ’’آتشیں اور دھماکہ خیز مواد‘‘ بہا لے گیا ہے، جس سے مقامی آبادی کے لیے خطرات پیدا ہو گئے ہیں۔
بھارت کے شمال مشرقی حصے میں سیلاب سے ہونے والی تباہی میں ہفتہ سات اکتوبر تک کم از کم 56 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے۔ اسی دوران بھارتی فوج نے خبردار کیا ہے کہ سیلاب میں بہہ جانے والے جنگی سازوسامان کی وجہ سے عوام کی حفاظت کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ بھارتی ریاست سکم میں بدھ کے روز انتہائی بلندی پر واقع ایک برفانی جھیل کے اچانک پھٹ جانے کے بعد آنے والے خطرناک طوفان نے تباہی مچا دی۔ موسمیاتی سائنس دانوں نے خبردار کیا ہے کہ عالمی درجہ حرارت بڑھنے اور برف پگھلنے کے ساتھ ہی ہمالیہ میں اسی طرح کی آفات ایک بڑھتا ہوا خطرہ بن جائیں گی۔