ڈبلن: کیا آپ پیسوں کے بغیر زندگی گزارنے کا تصور کر سکتے ہیں؟کیا آپ نے کبھی کسی ایسے انسان کو دیکھا جس نے طویل عرصہ بغیر پیسوں کے گزارا ہو؟۔ آئرلینڈ کا ایک شہری ایسا ہے جو گزشتہ 15 برس سے بغیر پیسوں کے زندگی گزار رہا ہے۔
آئرلینڈ کے The Moneyless Man کے نام سے مشہور مارک بوائل گزشتہ 15 سال یعنی 2008 سے پیسوں کا استعمال نہیں کررہے اور ان کا دعویٰ ہے کہ وہ تب سے پیسوں سے پاک طرز زندگی اختیار کیے ہوئے ہیں۔
پیسوں کے بغیر زندگی گزارنے کے ساتھ انتہائی حیران کن بات یہ بھی ہے کہ مارک بوائل طویل عرصے سے ٹیکنالوجی سے بھی دور ہیں اور بیشتر وقت فطرت کے قریب رہنا اور فطری زندگی گزارنا پسند کرتے ہیں۔
خبر رساں اداروں کے مطابق بزنس اور اکنامکس میں ڈگری کے ساتھ کالج سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد مارک بوائل نے جلد ہی برسٹل، برطانیہ میں ایک آرگینک فوڈ کمپنی میں اچھی تنخواہ والی نوکری ڈھونڈ لی۔ یہ ان کا برسوں سے منصوبہ رہا تھا کہ ایک اچھی نوکری حاصل کریں اور وہ تمام مادی چیزیں خریدیں جن کو معاشرہ کامیابی کے لیے ناگزیر سمجھتا ہے۔
تاہم 2007ء میں ایک دوست کے ساتھ اپنی شاندار بڑی کشتی پر فلسفیانہ گفتگو نے مارک کے نظریات قطعی تبدیل کردیے۔ وہ عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کر رہے تھے اس دوران مسائل سے چھٹکارا پانے کے لیے ان کا حل زیر بحث تھا۔تب مارک نے محسوس کیا کہ پیسہ زیادہ تر مسائل کی جڑ ہے۔