انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے ایگزیکٹیو بورڈ نے لاس اینجلس گیمز 2028 میں کرکٹ شامل کرنے کی منظوری دی، جس کے ساتھ کرکٹ کی اولمپک سے 100 سال سے زائد عرصے کی دوری ختم ہوجائے گی۔
خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق آئی او سی کے صدر تھامس بیچ نے بھارت کے شہر ممبئی میں جمعے کو ایگزیکٹیو بورڈ اجلاس کے دوسرے روز کے اختتام پر بتایا کہ عہدیداروں نے لاس اینجلس گیمز کے منتظمین کی جانب سے دیگر 5 نئے کھیلوں کے ساتھ ٹی20 کرکٹ کی شمولیت کی تجویز منظور کرلی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دیگر کھیلوں میں بیس بال/سوف بال، فلیگ فٹ بال (نان کنٹکٹ امریکن فٹ بال)، اسکواش اور لیکروس شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 2028 گیمز میں کون سے کھیل شامل ہوں گے اس کی حتمی منظوری کے لیے ووٹنگ پیر کو ممبئی میں آئی او سی کے اجلاس میں ہوگی۔