اسلام آباد: سعودی عرب میں افغان شہریوں سے 12 ہزار سے زائد پاکستانی پاسپورٹ برآمد کیے جانے سے متعلق خبروں کے بعد وزارت داخلہ حرکت میں آگیا۔
چند روز قبل سعودی عرب کے حکام نے انکشاف کیا کہ انہوں نے افغان شہریوں سے 12,000 سے زائد پاکستانی پاسپورٹ کامیابی سے حاصل کر لیے ہیں۔ اس معاملے پر ریاض میں حکام نے اسلام آباد کو آگاہ بھی کیا، یہ جعلی پاسپورٹ مبینہ طور پر افغان شہریوں نے پاکستان میں متعدد پاسپورٹ مراکز کے ذریعے حاصل کیے تھے۔
مذکورہ معاملہ منظر عام پر آنے کے بعد وزارت داخلہ نے 12 ہزار افغانیوں کو جعلی پاسپورٹس کے اجرا پر ایکشن لیتے ہوئے کمیٹی تشکیل دے دی۔
فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق ڈی جی پاسپورٹ کمیٹی کے کنوینئر، ڈپٹی سیکرٹری وزارت داخلہ، ایف آئی اے اور نادرا کے سینئر افسران کمیٹی میں شامل ہوں گے۔ علاوہ ازیں کمیٹی اسکینڈل میں ملوث افراد سمیت سسٹم میں خامیوں کی نشاندہی کرے گی اور 15 دنوں میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔