پاکستان کی نامور اداکارہ اور ماڈل نوال سعید نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے متعدد کھلاڑیوں کی طرف سے بہت سارے پیغامات ملتے ہیں۔
حال ہی میں اداکارہ نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی جس میں انہوں نے اپنے کیرئیر میں پیش آنے والی مشکلات سے متعلق بھی بتایا، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ مجھے اتنی مقبولیت حاصل ہوگی، اس کے لیے میں اپنے مداحوں کی شکرگزار ہوں جو مجھے پسند کرتے ہیں ۔
دوران انٹرویو نوال سعید نے انکشاف کیا کہ پاکستانی کرکٹرز سوشل میڈیا پر میسجز بھیجتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ساتھی اداکاروں کے نہیں بلکہ کرکٹرز کے بہت میسجز آتے ہیں جنہیں پڑھ کر میں حیران ہوتی ہوں، مجھے سمجھ نہیں آتا کہ آپ پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں، آپ کا ویریفائیڈ بلیو ٹک ہے، آپ کیسے کسی لڑکی کو میسج کرکے اس کی تعریف کرسکتے ہیں؟
انہوں نے کہا یہ کافی عجیب بات ہے، ایسا نہیں ہونا چاہیے ، نوال نے کرکٹرز کا نام لیے بغیر میسجز کرنے والے کھلاڑیوں کو پیغام دیا کہ ہم تو اداکار ہیں، لوگوں کو محظوظ کرتے ہیں لیکن آپ تو گرین شرٹس میں ملک کی نمائندگی کررہے ہیں، آپ لوگ یہ نہ کریں بہت عجیب لگتا ہے ۔