بھارت سے بدترین شکست کے بعد گرین شرٹس کو پلیئرز کی صحت پر بھی تشویش لاحق ہے، کئی کرکٹرز وائرل بخار کا شکار رہے، البتہ بورڈ نے یہ بات میڈیا سے چھپائے رکھی۔
دریں اثنا گذشتہ شام 6 سے رات 8بجے تک ٹیم کا پریکٹس سیشن ہوا،اس میں 12 کھلاڑی شریک ہوئے جبکہ عبد اللہ شفیق، شاہین آفریدی ،محمد رضوان، سلمان علی آغا، محمد حارث اور زمان خان نے ہوٹل میں ہی آرام کیا، کپتان بابر اعظم سمیت دیگر پلیئرز نے بھرپور نیٹ پریکٹس کی، کوچز کھلاڑیوں کی خامیاں دور کراتے نظر آئے، بیٹنگ اور بولنگ کے ساتھ فیلڈنگ پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا چوتھا میچ آسٹریلیا کے خلاف 20 اکتوبر کو بنگلورو میں کھیلے گی، سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل رہنے کیلیے اب غلطیوں سے گریز کرتے ہوئے تسلسل سے عمدہ کھیل پیش کرنا ہوگا۔