کیلیفورنیا: سماجی رابطے کا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اپنے نئے صارفین سے پوسٹ لکھنے، لائک کرنے، ری ٹویٹ کرنے اور پوسٹ کا جواب دینے جیسے بنیادی فیچرز کے لیے 1 ڈالر فی سال معاوضہ وصول کرنا شروع کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ اور فلپائنس سے تعلق رکھنے والے تمام نئے غیر تصدیق شدہ صارفین کو معاوضہ ادا کر کے سائن اپ کرنا پڑے گا اور ان کو اپنے اکاؤنٹ کی کسی فون نمبر سے تصدیق کرنی ہوگی۔
ایکس کے مطابق ان خطوں کے موجودہ ممبران متاثر نہیں ہوں گے اور صارفین مفت ’رِیڈ اونلی‘ اکاؤنٹ بنا سکیں گے۔
ایکس کی جانب سے ایک پوسٹ میں بتایا گیا تھا کہ پلیٹ فارم ایک نئے پروگرام ’ناٹ اے بوٹ‘ کی آزمائش کرے گا جس کا مقصد پلیٹ فارم سے خود کار اسپیم بوٹس کو کم کرنا ہوگا۔
ایکس نے واضح کیا کہ یہ تبدیلی کسی منافع کے لیے نہیں ہے بلکہ سبسکرپشن آپشن اس مسئلے کا بڑے پیمانے پر حل ثابت ہوا ہے۔
اس ہی دورانیے میں ایکس نے ’ناٹ اے بوٹ‘ کے قواعد و ضوابط بھی شائع کیے ہیں جس کے مطابق پوسٹ لکھنے، لائک کرنے، ری ٹویٹ کرنے اور پوسٹ کا جواب دینے جیسے بنیادی فیچرز کے لیے سبسکرپشن سروس کا اطلاق کیا جائے گا۔
صارفین سربراہ ایکس ایلون مسک کے اس نئے منصوبے سے متاثر نہیں ہوئے اور ان کا کہنا ہے کہ 1 ڈالر فی سال بہت زیادہ رقم ہے۔