بنگلورو: آئی سی سی ورلڈ کپ کے میچ میں آسٹریلیا نے ڈیوڈ وارنر اور مچل مارش کی سنچریوں کی بدولت پاکستان کو فتح کے لیے 368 رنز کا پہاڑ جیسا “ناممکن” ہدف دیا ہے۔
بھارتی شہر بنگلورو کے چناسوامی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے اہم میچ میں پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو بالکل غلط ثابت ہوا۔
آسٹریلیا نے اننگز کا آغاز کیا تو میچ کی پہلی ہی گیند پر شاہین شاہ آفریدی نے ڈیوڈ وارنر کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی اپیل کی لیکن امپائر نے ایل بی ڈبلیو قرار نہ دیا، پاکستان نے ریویو لینے کا فیصلہ کیا جو بالکل غلط ثابت ہوا کیونکہ گیند بلے سے لگنے کے بعد پیڈ پر لگی تھی
پاکستان کو جلد ہی وکٹ لینے کا موقع جب پانچویں اوور میں شاہین کی گیند پر برا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں گیند ہوا میں گئی لیکن عالمی کپ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے اسامہ میر نے ایک آسان کیچ گرا دیا۔
اس موقع پر آسٹریلین اوپنرز نے کوب فائدہ اٹھایا اور پاکستانی باؤلرز کی درگت بنانا شروع کی اور 13ویں اوور میں سنچری مکمل کر لی جس کا سہرا مچل مارش کے سر رہا جنہوں نے اس عرصے میں اپنی ففٹی مکمل کر لی تھی۔
وارنر نے بھی ڈراپ کیچ کا خوب فائدہ اٹھایا اور فارم بحال کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ مارش کے ہمراہ پہلی وکٹ کے لیے 150 رنز کی ساجھے داری بنائی
نصف سنچری کے بعد ڈیوڈ وارنر نے جارحانہ انداز اپنایا اور مچل مارش کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پاکستان کے خلاف چوتھی سنچری اسکور کی۔
مچل مارش نے بھی ساتھی بلے باز سے پیچھے رہنا گوارا نہ کیا اور اگلی ہی گیند پر محمد نواز کو چوکا رسید کرکے سنچری مکمل کرنے کے بعد وارنر کے ہمراہ سنچری کے ساتھ ساتھ اپنی سالگرہ کا بھی جشن منایا۔
آسٹریلین اوپنرز نے تمام پاکستانی باؤلرز بالخصوص حارث رؤف کے خلاف بھرپور لاٹھی چارج کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 259رنز کی شراکت قائم کی۔ڈیوڈ وارنر کو ایک اور موقع اس وقت ملا جب اسامہ میر کی گیند پر باؤنڈری پر کھڑے عبداللہ شفیق کیچ نہ لے سکے۔
پاکستان کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب 259 کے اسکور پر شاہین کی گیند پر مچل مارش اسامہ کو کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 9 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 108 گیندوں پر 121 رنز بنائے۔
اس موقع پر گلین میکس کو اوپری نمبروں پر بیٹنگ کے لیے بھیجا گیا لیکن شاہین نے بابر کی مدد سے انہیں پہلی ہی گیند پر چلتا کردیا۔ پاکستان کو جلد ہی تیسری وکٹ لینے کا بھی موقع ملا لیکن سلپ میں کھڑے کپتان بابر آسٹریلین بلے باز اسٹیو اسمتھ کا کیچ نہ تھام سکے۔
دو ڈراپ کیچز کے بعد اسامہ میر نے خود کیچ لینے کی ذمے داری اٹھائی اور آسٹریلین بلے باز اسمتھ کو اپنی ہی گیند پر چلتا کر کے ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ دوسرے اینڈ سے وارنر کی شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور انہوں اسامہ میر کو چھکا لگا کر اپنے 150 رنز مکمل کیے۔
مایہ ناز اوپننگ بلے باز 124 گیندوں پر 9 چھکوں اور 14 چوکوں سے مزین 163 رنز کی باری کھیلنے کے بعد حارث رؤف کی وکٹ بنے۔ جوش انگلس بھی لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور 13 رنز بنانے کے بعد حارث کی دوسری وکٹ بن گئے۔
شاہین شاہ آفریدی نے متاثر کن باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 24 گیندوں پر 21 رنز بنانے والے اسٹوئنس کو ایل بی ڈبلیو کردیا۔ حارث نے بھی ابتدائی طور پر مار کھانے کے بعد میچ میں واپسی کرتے ہوئے مارنس لبوشین کو آؤٹ کر کے اپنی تیسری وکٹ لی۔
شاہین نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اننگز کے آخری اوور کی ابتدائی دو گیندوں پر مچل اسٹارک اور ہیزل وُد کو آؤٹ کردیا۔ آسٹریلیا نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 367 رنز بنائے۔