سابق لیجنڈری بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر نے کہا ہے کہ اگر پاکستان کو سیمی فائنل تک پہنچنا ہے تو بابر اعظم کو آوٹ آف دی باکس کپتانی کرنی پڑے گی۔
بھارتی میڈیا پر انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں آج پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والے میچ کے حوالے سے گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کپتان بابر اعظم سمیت پوری ٹیم پر پریشر ہے۔
گوتم گمبھیر کا کہنا تھا کہ بابر کے پاس کلاس ہے، شہرت ہے اور صلاحیت ہے، ورلڈکپ سے پہلے میں نے خود بابر کو بہترین بلے باز کے طور پر چنا تھا۔ ابھی بھی زیادہ کچھ بگڑا نہیں ہے۔
سابق بھارتی کرکٹر نے کہا کہ ‘بابر کو رنز بنانے پڑیں گے لیکن ایسے رنز جس سے آپکی ٹیم کو فتح حاصل ہو۔ بابر نے بھارت کے خلاف جس طرح کی اننگز کھیلی میرا خیال ہے کہ انہوں نے آنے والے بلے بازوں پر پریشر بنایا۔’
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم آپکی ویسے ہی کھیلے گی جیسے آپکے کپتان کھیلیں گے۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ ٹیم جارحانہ طرز اختیار کرے تو پہلے آپکو خود جاکر وہ کام کرنا ہوگا۔