اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیرِ اعظم نواز شریف آج توشہ خانہ ریفرنس کیس میں احتساب عدالت میں پیش ہوں گے۔
احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر توشہ خانہ کیس کی سماعت کریں گے۔ نواز شریف بھی اپنے وکلا کے ہمراہ احتساب عدالت میں پیش ہوں گے۔
جج محمد بشیر نے نواز شریف کے وکیل کی استدعا پر نواز شریف کو عدالت کے روبرو پیش ہونے کا دوپہر ایک سے ڈیڑھ بجے تک کاوقت دے دیا۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کی پیشی کے پیشِ نظر جوڈیشل کمپلیکس کے اندر اور باہر اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے احتساب عدالت کا کمرہ مکمل خالی کرا لیا ہے، عملے نے کمرۂ عدالت کی سرچنگ اور سیکیورٹی چیکنگ کی۔
واضح رہے کہ نواز شریف کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت آج مقرر ہے، احتساب عدالت نے سابق وزیرِ اعظم کے آج تک دائمی وارنٹ معطل کر رکھے ہیں۔
نواز شریف کے آج پیش نہ ہونے پر عدالتی فیصلے کے مطابق دائمی وارنٹ بحال کر دیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ نوازشریف کے ساتھ توشہ خانہ کیس میں آصف زرداری اور یوسف رضا گیلانی بھی شریک ملزمان ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کی آج تک کی حفاظتی ضمانت منظور کر رکھی ہے۔عدالت نے نواز شریف کو آج تک گرفتار کرنے سے روکنے کا حکم دے رکھا ہے۔
نواز شریف کی نیب ریفرنسز میں سزا کے خلاف اپیلیں بحال کرنے کی درخواستوں پر بھی آج سماعت ہو گی۔