پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے تحت ملنے والے 71 کروڑ ڈالر قرضے کی اگلی قسط کیلئے مذاکرات 2 نومبر کو ہونگے۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات میں آئی ایم ایف ٹیم کی قیادت ناتھن پورٹر کرینگے، حکومت پاکستان بیرونی سیکٹر کے چیلنجوں کے باوجود مذاکرات کی کامیابی کیلیے پرامید ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اسٹاف لیول مذاکرات کی کامیابی پردسمبر میں قرض کی اگلی قسط کی منظوری دی جائے گی،
مذاکرات میں مشکل معاملہ بیرونی فنانسنگ میں پایا جانے والا فرق ہو گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بیرونی فنانسنگ میں شارٹ فال کا اندازہ ساڑھے 4 ارب ڈالر لگا رکھا ہے، مذاکرات میں ڈالرکے مقابلے میں روپے کا ایکسچینج ریٹ اور مانیٹری پالیسی بھی زیربحث آئیں گے۔ پاورڈویژن کے سرکلر ڈیٹ میں کمی لانے کی شرط پوری کی جا چکی ہے۔