ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار رنبیر کپور نے کہا ہے کہ وہ اپنی نئی آنے والی فلم ‘اینیمل’ کی ریلیز کے بعد کسی بھی فلم میں کام نہیں کریں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رنبیر کپور نے حال ہی میں “زوم” کے ذریعے اپنے مداحوں کے ساتھ گفتگو کی جس میں اُنہوں نے کہا کہ وہ “اینیمل” کی ریلیز کے بعد کسی بھی فلم میں کام نہیں کریں گے کیونکہ وہ اپنا سارا وقت اپنی بیٹی اور اہلیہ کو دیں گے۔
رنبیر کپور نے کہا کہ وہ بیٹی کی پیدائش کے بعد اپنے کام میں مصروف رہے اور بیٹی کو وقت نہیں دے سکے لہٰذا اب اُنہوں نے 6 ماہ کے لیے اداکاری کی دُنیا سے وقفہ لے لیا ہے اور وہ 6 ماہ تک گھر پر ہی رہیں گے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ اُنہیں مناسب وقت پر کام سے چھٹیاں مل گئی ہیں، یہ بیٹی کے ساتھ رہنے کا بہترین وقت ہے جو ہمیشہ یاد رہے گا۔
واضح رہے کہ فلم ’اینیمل‘ یکم دسمبر 2023 کو پوری دنیا میں پانچ زبانوں ہندی، تیلگو، تامل، کناڈا اور ملیالم میں ریلیز کیلئے پیش کی جائے گی۔
یاد رہے کہ رنبیر کپور نے 14 اپریل 2022 کو عالیہ بھٹ کے ساتھ شادی کی تھی اور گزشتہ سال 6 نومبر کو جوڑے کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام راہا رکھا۔
رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ نے ابھی تک اپنی بیٹی کا چہرہ عوامی سطح پر ظاہر نہیں کیا ہے۔