اسلام آباد: نگراں حکومت نے عوام کو ریلیف کے بجائے تکلیف کا بھر پور منصوبہ بنا رکھا ہے۔ نگراں وفاقی وزیرتوانائی محمد علی نےکہا کہ موسم سرما میں گیس نہ صرف مہنگی ہوگی بلکہ گھریلو صارفین کو ملے گی بھی مشکل سے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیرتوانائی نے کہا کہ گھریلو صارفین کوسردیوں میں صبح، دوپہر اوررات کے اوقات میں مجموعی طور8 گھنٹے گیس کی فراہمی یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی۔
وفاقی وزیر توانائی نے واضح کیا کہ ملک میں جتنی گیس دستیاب ہے اسی کے مطابق فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران نگران وزیر توانائی نے بتایا کہ دسمبرکیلئے 2 اضافی ایل این جی کارگوزکا بندوبست کرلیا ہے جبکہ جنوری کے لیے دو مزید ایل این جیز کارگوز سپاٹ مارکیٹ سے خریدے جائیں گے۔
نگراں وزیر کا مزید کہنا تھا کہ گیس کی قلت کے باعث نئے گیس کنکشنز پرپابندی برقراررہے گی۔
مزید براں گیس کی قیمتوں کے حوالے سے محمد علی کا کہنا تھا کہ غریب صارفین پرزیادہ بوجھ نہیں ڈالا، گیس قیمتوں میں صرف ان کے لیے فکسڈ چارجز 10روپے سے بڑھا کے 400 روپے کیے ہیں۔