کراچی: کراچی میں آٹے کی قیمت میں نمایاں کمی آگئی، کمشنر اور فلورز ملز کے کامیاب مذاکرات کے بعد ہول سیل اور ریٹیل مارکیٹوں اور ملوں سے عوام کو آٹا سرکاری نرخ پر فروخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کمشنر کراچی کے زیر صدارت اجلاس میں فلورز ملز ایسوسی ایشن کے ساتھ کامیاب مذاکرات ہوئے جس کے بعد آٹے کی سرکاری قیمت کے اطلاق کا فیصلہ ہوگیا۔
اجلاس میں طے کیا گیا کہ فائن آٹا کی 11 روپے کمی کے بعد ہول سیل قیمت 130 روپے اور ریٹیل 134 روپے فی کلو ہوگئی جبکہ ڈھائی نمبر آٹے کی قیمت 8 روپے کمی کے بعد ہول سیل قیمت 120 روپے اور ریٹیل 127 فی کلو مقرر ہوگئی۔
گندم اور میدے کی قیمتوں میں کمی کے بعد روٹی، ڈبل روٹی اور بیکری مصنوعات کے نرخ بھی کم ہوں گے جس کے لیے کمشنر کراچی نے ہفتہ کو بیکری مالکان اور نان بائیوں کو بھی طلب کرلیا۔