ٹیکساس: جوش، ولولہ اور لگن کے ساتھ ساتھ غصہ بھی آپ کے مقصد کے حصول میں معاون بن سکتا ہے۔
نفسیات پر تحقیق کرنے والے طبی ماہرین بسا اوقات ایسے نتائج اخذ کرتے ہیں، جنہیں عموماً انسانی ذہن تسلیم نہیں کرتا، تاہم تحقیق سے پتا چلتا ہے کہ بظاہر کچھ ناپسند عوامل مثبت نتائج کے حامل بھی ہوتے ہیں۔
ماہرین نے حال ہی میں پتا چلایا ہے کہ غصہ بھی لوگوں کو ان کا مقصد پانے کے لیے معاون ثابت ہوتا ہے بلکہ حیران کن طور پر ہدف تک پہنچنے میں دیگر وجوہات کے مقابلے میں زیادہ مؤثر کام کرتا ہے۔
امریکا کی ایک یونیورسٹی میں 200 سے زیادہ طلبہ پر ایک تحقیق کی گئی، جس میں انہیں اس طرح کی تصویریں دکھائی گئیں جو کہ بظاہر غیر جانب دار تھیں یا ایسی کہ انہیں دیکھ کر کوئی خوش ہو، اداس ہو، یا پھر کسی خواہش کا اظہار کرے یا اچانک غصے سے لال پیلا ہو جائے۔
تصویریں دکھائے جانے کے بعد یونیورسٹی کے طلبہ کو ایناگرام حل کرنے کے لیے دیا گیا، جس میں الفاظ کے حروف کو آگے پیچھے کر کے دوسرے الفاظ تشکیل دینا تھا اور اس کام کے لیے انہیں 20 منٹ کا وقت دیا گیا۔ اس کا مقصد طلبہ کو درست الفاظ بتانا تھا، تاہم مشاہدے میں آیا کہ غصے کے وقت میں طلبہ کے یہ ایناگرام درست طور پر حل کرنے کی شرح دوسروں کے مقابلے میں 39 فی صد زیادہ تھی۔ ماہرین نے دیکھا کہ طلبہ ہار مان جانے کے بجائے ایناگرام کو حل کرنے کی کوشش کرتے رہے، اس کے باوجود کہ یہ مشکل کام تھا۔