واشنگٹن: امریکی فیڈرل ریگولیٹرز نے عوام کو متنبہ کیا ہے کہ وہ متعدد برانڈز کے آئی ڈراپس استعمال کرنا فوری بند کردیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ متعدد آئی ڈراپس برانڈز کی فیکٹریوں میں غیر صحت مند مواد کا پتا لگا ہے جس کے بعد کئی بڑے برانڈز کے آئی ڈراپس اور جیل کا استعمال فوراً ترک کرنے کی ضرورت ہے۔
ایف ڈی اے کی جانب سے آنکھوں کی دیکھ بھال سے متعلق 26 مصنوعات ہیں جن کے بارے میں الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ آلودہ مصنوعات آنکھوں میں انفیکشن اور اندھے پن کا سبب بن سکتی ہیں کیونکہ آنکھوں پر لگائی جانے والی دوائیں یا ڈراپس جسم کے کچھ دفاعی نظام کو غیر موثر کرکے صارفین کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
ایف ڈی اے کی فہرست میں سی وی ایس ہیلتھ، لیڈر (کارڈینل ہیلتھ)، رگبی (کارڈینل ہیلتھ)، رائٹ ایڈ، ٹارگٹ اپ اینڈ اپ اور ویلوسیٹی فارما شامل ہیں۔ایف ڈی اے نے ان تمام برانڈز پر زور دیا کہ وہ ان تمام مصنوعات کو مارکیٹ سے واپس منگوائیں جبکہ سی وی ایس، رائٹ ایڈ اور ٹارگٹ نے مارکیٹ اور ویب سائٹس سے اپنی پروڈکٹس واپس منگوانا شروع کردی ہیں۔