لندن: برطانیہ میں ورجن اٹلانٹک کو 100 فی صد پائیدار فضائی ایندھن (سسٹین ایبل ایوی ایشن فیول ایس اے ایف) سے چلنے والی پہلی ٹرانس ایٹلانٹک پرواز کی اجازت دے دی گئی۔
برطانیہ کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بتایا ہے کہ ادارے کی جانب سے 28 نومبر کو لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے نیویارک جانے والی پرواز کی منظوری دے دی گئی ہے۔
ذرعی فضلے اور استعمال شدہ پکوان تیل جیسے ذرائع سے بنایا جانے والا یہ ایندھن جہاز کے روایتی ایندھن کی نسبت کاربن اخراج کو 70 فی صد تک کم کرسکتا ہے لیکن فی الحال اس کی پیداواری لاگت کئی گنا زیادہ ہے۔ فی الوقت اس ایندھن کو صرف جیٹ انجن میں 50 فی صد مٹی کے تیل کے ساتھ مزید کسی تبدیلی کے بغیر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ادارے نےورجن اٹلانٹک کی طے شدہ پرواز کو اجازت دینے سے قبل اس کا متعدد پہلوؤں سے جائزہ لیا جس میں انجن کو 100 فی صد پائیدار فضائی ایندھن پر چلا کر گراؤنڈ ٹیسٹنگ شامل تھی۔
ادارے کے چیف ایگزیکٹِیو روب بِشٹن کا کہنا تھا کہ پروز کی منظوری ورجن اٹلانٹک اور دوسروں کو پائیدار ایندھن سے صرف وابستگی دِکھانے کی منظوری نہیں دیتی بلکہ انڈسٹری کی نئی ٹیکنالوجیز کی تلاش کی کوششوں کو بطور مثال بھی پیش کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اختراع اور پائیداری کام کرنے کے لیے اہم جگہیں ہیں لیکن ان کو حفاظت کے ساتھ ایک ساتھ چلنا ہوگا۔