لاہور : پی سی بی نے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان سے کہا ہے کہ وہ فلسطین کے حوالے سے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ ڈیلیٹ کردیں تاہم وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے پوسٹ ڈیلیٹ کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
اردو ویب سائٹ “وی نیوز” اور انگریزی اخبار دی نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور پی سی بی کے لیگل ڈیپارٹمنٹ سے متعلق ہے میں اس سے آگاہ نہیں ہوں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ایک کھلاڑی نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر یہ بھی بتایا کہ سوشل میڈیا پوسٹ پر پی سی بی، آئی سی سی اور بی سی سی آئی کی جانب سے دباؤ میں تھا لیکن رضوان نے اسے ڈیلیٹ کرنے سے انکار کردیا تھا۔
محمد رضوان کی محصور فلسطینیوں کی حمایت پر بھارت میں کرکٹ شائقین کی جانب سےبھی شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔ بھارتی شائقین نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے رضوان پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
بھارتی صحافی سدھیر چودھری نے ایکس پر لکھا کہ تھا ’یہ صرف کرکٹ ورلڈ کپ ہی نہیں بلکہ سیاسی اور مذہبی نظریات کا میدان جنگ بھی ہے۔
واضح رہے کہ رضوان نے کرکٹ ورلڈ کپ کی تاریخ میں اب تک کے سب سے زیادہ رنز کے تعاقب میں 131 رنز (ناٹ آؤٹ) کی اننگز کے ایک دن بعد 11 اکتوبر کو ٹویٹ کیا تھا کہ ’یہ فتح غزہ میں ہمارے بھائیوں اور بہنوں کے لیے تھی، جیت میں اپنا حصہ ڈالنے پر خوش ہوں۔
پاکستان کے دیگر کرکٹرز نے بھی بے گناہ فلسطینیوں پر اسرائیل کے مسلسل غیر انسانی حملوں کے بعد فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے۔ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کے لیے بھارت میں موجود کرکٹرز نے بھی ایکس پوسٹس پر فلسطین کا جھنڈا پوسٹ کیا تھا۔ آل راؤنڈر شاداب خان، محمد نواز اور لیگ اسپنر اسامہ میر نے معصوم فلسطینیوں کی حمایت کرتے ہوئے امن کی امید ظاہر کی تھی۔