بالی ووڈ کے سُپر اسٹار عامر خان کی بیٹی ایرا خان کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے۔
ایرا خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاوْنٹ پر اپنے منگیتر نپور شیکھرے کے ہمراہ چند تصاویر پوسٹ کیں جوکہ اُن کی شادی کے آغاز کی رسم ’کیلوان‘ کے دوران لی گئی تھیں۔
عامر خان کی بیٹی کی شادی کا آغاز مراٹھی انداز میں رسم ’کیلوان‘ سے کیا گیا ہے، اس رسم میں ایرا خان نے سُرخ رنگ کی ساڑھی زیب تن کیا جس کے ساتھ اُنہوں نے پھولوں کے زیورات بھی پہنے جبکہ اُن کے منگیتر نپور شیکھرے نے پیلے رنگ کے کرتا پاجامے کا انتخاب کیا۔
اس سے قبل گزشتہ ماہ بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران عامر خان نے کہا تھا کہ وہ اپنی بیٹی کی شادی پر بہت رونے والے ہیں کیونکہ وہ بہت جذباتی ہیں، وہ اپنی مسکراہٹ اور اپنے آنسوؤں پر قابو نہیں رکھ سکتے، اس حوالے سے ابھی سے اُن کی فیملی میں سب کہہ رہے ہیں کہ عامر کو ایرا کی شادی والے دن سنبھالنا۔
اداکار نے اپنے ہونے والے داماد نپور کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ اُن کی بیٹی نے اپنے لیے بہترین ہمسفر کا انتخاب کیا ہے، جب ایرا ڈپریشن سے لڑ رہی تھی تو نپور نے ایرا کا بہت ساتھ دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس 22 نومبر کو عامر خان کی بیٹی ایرا خان نے اپنے بوائے فرینڈ نپور شکھیرے کے ساتھ منگنی کی تھی، ممبئی میں منعقدہ تقریب میں عامر خان کی دونوں سابقہ اہلیہ رینا دتہ اور کرن راؤ نے بھی شرکت کی تھی۔