واشنگٹن: سائنس دانوں نے ایک بہت پرانے اور مشہور سوال کا بالآخر جواب تلاش کرلیا ہے کہ اسٹار فش کا سر آخر ہوتا کہاں ہے؟۔
خبر رساں اداروں کے مطابق سائنس دانوں نے طویل تحقیق کے بعد پتا چلا ہے کہ سمندری جاندار اسٹار فش کے جسم کے درمیان میں کوئی سر نہیں ہوتا بلکہ دلچسپ اور حیران کن انکشاف یہ ہوا ہے کہ اسٹار فش کے جسم میں 5 سر ہوتے ہیں۔
اسٹینفورڈ یونیورسٹی کے سائنس دانوں نے تحقیق کے بعد نتائج اخذ کیے ہیں کہ صدیوں سے اس حوالے سے جاننے کی سعی جاری تھی کہ اسٹار فش کا سر کہاں ہے، جس کے بعد اب اس راز سے پردہ اٹھ چکا ہے۔ سائنس دانوں کے مطابق اس حقیقت کو جاننے میں اتنا طویل وقت اس لیے لگا کہ اسٹار فش کے ایک نہیں بلکہ 5 ہاتھ ہیں، جس کی وجہ سے اس کا سر شناخت کرنے میں کئی سو سال لگ گئے۔
تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ اسٹار فش کے سر سے متعلق جاننا بہت حیران کن اور غیر متوقع ہے۔ اب اگلی تحقیق میں اس بات کا پتا چلا جائے گا کہ کیا سر کی طرح اسٹار فش میں دماغ بھی ایک سے زیادہ ہوتے ہیں یا نہیں؟۔