برسلز: آسٹریلوی ادا کارہ اور اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کی خیر سگالی سفیر کیٹ بلانشیٹ نے یورپی پارلیمنٹ سے خطاب میں کہا کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فوری طور پر غزہ میں جنگ بندی کی جائے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی پارلیمنٹ میں تقریر کرتے ہوئے کیٹ بلانشیٹ نے غزہ میں اسرائیل حماس جھڑپ کے دوران ہلاکتوں اور تباہی پر گہری تشویش اور دکھ کا اظہار کیا۔
اقوام متحدہ ہائی کمشنر برائے مہاجرین کی خیر سگالی سفیر کیٹ بلانشیٹ حماس سے اسرائیلی یرغمالیوں کی فوری رہائی کا بھی مطالبہ کیا اور یورپی ممالک پر زور دیا کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
اقوام متحدہ کی خیر سگالی سفیر اور اداکارہ کیٹ بلانشیٹ نے مزید کہا کہ غزہ میں لاکھوں افراد بے گھر ہوگئے اور محفوظ مقام کی تلاش میں ہیں۔ بچوں کی صحت، خوراک، پانی کا کوئی انتظام نہیں۔
کیٹ بلانشیٹ نے کہا کہ اس مسئلے کے حل تک پہنچنے کے لیے فوری جنگ بندی بے حد ضروری ہے۔ اس سے بے گھر افراد کو محفوظ مقام تک جانے کا موقع ملے گا اور بچوں تک خوراک، ادویات اور پانی پہنچ سکے گا۔
یاد رہے کہ اسرائیل کی ناکہ بندی کی وجہ سے غزہ میں پانی، خوراک اور ایندھن کی کمی کا سامنا ہے۔ اسپتال بند پڑے ہیں اور 6 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہیں جس پر عالمی قوتیں اسرائیل سے فوری سیز فائر کا مطالبہ کر رہی ہیں۔