ڈپٹی کمشنر کرک نے ضلع میں پلاسٹک بیگز میں گیس لے کر جانے پر پابندی لگاتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ ایسا کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔
کرک کی تحصیل بانڈہ داؤد شاہ اور دیگر علاقوں میں غباروں کے ذریعے گیس اسٹور کی جاتی ہے، بچے اور بڑے پلاسٹک بیگز میں قدرتی گیس بھر کر گھر لے جاتے ہیں۔ غباروں اور شاپروں میں گیس بھر کر لے جانا کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پلاسٹک بیگز نے چلتے پھرتے بموں کی شکل اختیار کر لی ہے، حکم کی خلاف ورزی کی صورت میں گرفتار کرکے کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ کرک میں بڑے ذخائر ہونے کے باوجود مقامی لوگ گیس کی سہولت سے محروم ہیں ، جس کی وجہ سے لوگ پائپ لائنوں سے شاپروں میں گیس بھرنے کے خطرناک کام پر مجبور ہیں۔