زمان پارک آپریشن کے دوران جلاؤ گھیراؤ اور پولیس اہلکاروں پر تشدد کے مقدمے میں صنم جاوید کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کردی گئی ہے۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور میں زمان پارک پولیس آپریشن کے دوران پولیس اہلکاروں پر تشدد اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمہ کی سماعت ہوئی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے پولیس کی درخواست پر سماعت کی۔ پولیس نے عدالت میں استدعا کی کہ ملزمہ سے مزید تفتیش درکار ہے۔ عدالت مزید جسمانی ریمانڈ فراہم کرے۔
عدالت نے صنم جاوید کے جسمانی ریمانڈ میں تین دن کی توسیع کردی۔
یاد رہے کہ تھانہ ریس کورس پولیس نے مقدمہ درج کررکھا ہے۔