پاکستان کرکٹ بورڈ نے کپتان اور کوچنگ اسٹاف کے ساتھ نئے ٹیم مینیجر کے تقرر کا بھی فیصلہ کرلیا ۔
ذرائع کےمطابق ریحان الحق کی جگہ سابق بیورو کریٹ اور سابق ٹیم مینیجر نوید اکرم چیمہ کو پاکستان ٹیم کے ساتھ آسٹریلیا بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے جلد ان کی تقرری کا باقاعدہ نوٹیفکیشن کردیا جائے گا۔
نجم سیٹھی دور میں مکی آرتھر نے جب ٹیم ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں تو اس وقت ریحان الحق کو مینیجر کی ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں۔قومی ٹیم کے نئے مینجر نوید اکرم ڈسپلن کے حوالے سے سخت گیر طبیعت کے مالک ہیں، وہ اس سے پہلے بھی ایک طویل عرصہ تک بطور مینجر پاکستانی ٹیم کے ساتھ فرائض نبھا چکے ہیں۔
ان کے دورمیں پاکستانی ٹیم کا ڈسپلن مثالی رہا، اب ایک بار پھر ان کو ٹیم ڈسلپن میں بہتری لانے کے لیے منیجر بناکر آسٹریلیا بھیجا جارہاہے، وہ نیوزی لینڈ سمیت آئندہ شیڈول سیریز میں بھی مینجر کی حیثیت سے معاملات دیکھیں گے۔