معروف فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ کو 30 دن کے لیے نظر بند کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے، خدیجہ شاہ کو ایس پی کینٹ اور ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس برانچ کی سفارش پر نظر بند کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نظر بندی کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ خدیجہ شاہ 9 مئی کو پرتشدد کارروائیوں میں شریک رہیں، خدیجہ شاہ کے خلاف مواد کا جائزہ لیا گیا ہے، وہ دوبارہ امن و امان کی صورتحال خراب کر سکتی ہیں۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے خدیجہ شاہ کو 30 دن کے لیے نظر بند کیا جاتا ہے۔
دوسری جانب خدیجہ شاہ کی لیگل ٹیم نے نظر بندی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔