چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک ریاض اور ان کے اہلخانہ کے نام پر 20 ملین پاؤنڈ آئے لیکن ان کو انکوائری میں بھی نہیں بلایا گیا جبکہ عمران خان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
راولپنڈی میں پی ٹی آئی چیئرمین سردار لطیف کھوسہ کی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج احتساب عدالت کے جج کے سامنے پی ٹی آئی چیئرمین اور بیگم بھی پیش ہوئیں۔ سماعت کے دوران دو دن ریمانڈ کی بات کی گئی، پراسیکیوٹر نے کہا مناسب وقت نہیں مل سکا۔
ہم نے کہا کہ یہ آج کی بات نہیں ہے کہ کابینہ کا متفقہ فیصلہ تھا۔ 190 ملین پاؤنڈ میں برطانیہ کرائم ایجنسی نے براہ راست پیسے بھیجے تھے۔ القادر ٹرسٹ کا پیسہ پی ٹی آئی چیرمین اور بشری بی بی کے اکاؤنٹ میں نہیں گیا۔ القادر ٹرسٹ میں ملک ریاض کی جانب سے زمین دی گئی جو ٹرسٹ ڈیڈ میں لکھا گیا۔
انہوں نے کہا کہ القادر یونیورسٹی آج بھی موجود ہے، نیب اس سے قبل 190 پاؤنڈ ریکوری پر بڑا فخر محسوس کرتی رہی۔ سال 2020 میں اس کیس کو بند کر دیا گیا، حکومت جانے کے بعد دوبارہ کیس کھول دیا گیا۔ نیب نے کیس کو داخل دفتر کر دیا جس پر انکوائری افسر نے کہا کسی وقت بھی انکوائری کھولی جا سکتی ہے۔
منگل تک نیب کی ٹیم کو کہا گیا کہ پی ٹی آئی چیئرمین سے تفتیش اڈیالہ جیل میں کی جائے گی۔ کیس میں ملک ریاض، بیٹی، بیٹے کے نام پر 20 ملین پاؤنڈ آئے لیکن ان کو نہیں بلایا گیا۔ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں کسی کو نہیں بلایا گیا صرف پی ٹی آئی چیئرمین کو گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ اب کیس کی سماعت منگل کو دن 2 بجے تک ملتوی کی گئی ہے۔ بشری بی بی کی قبل از گرفتاری درخواست پر بھی سماعت منگل کو ہو گی۔ چیئرمین نیب نے بشری بی بی کے کوئی وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کیے۔