بھارت میں گرنے والی سرنگ میں 10 دن سے پھنسے زندہ مزدوروں کی ویڈیو جاری کی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتراکھنڈ میں 10 روز قبل لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے زیر تعمیر سرنگ گرنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 40 مزدور سرنگ میں پھنس گئے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مزدوروں کو نکالنے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے مسلسل کوشش کی جارہی ہے، سرنگ میں بچھائی جانے والی لائن کے ذریعے سے انہیں کھانا، پانی اور آکسیجن فراہم کی جارہی ہے۔
رپورٹس میں بتایاگیا ہے کہ اس کوشش میں ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے جس میں کیمرے کے ذریعے مزدوروں کی پہلی ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں مزدوروں کو زندہ دیکھا جاسکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کیمرے میں واکی ٹاکی بھی لگایا گیا ہے جس کی مدد سے مزدوروں کو کیمرے کے سامنے آنے کا کہا گیا اور مزدوروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں جلد باہر نکالنے کی تسلی دی گئی۔