چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس میں ملک میں آئندہ برس ہونے والے انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت انتخابات کی تیاریوں سے متعلق اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کے لیے مکمل تیار ہے اور حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 30 نومبر کو شائع کر دی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ابتدائی حلقہ بندیوں پر تمام عذر داریوں پر الیکشن کمیشن نے سماعت مکمل کرلی ہے، حتمی انتخابی فہرستوں کی پرنٹنگ نادرا میں جاری ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ سیاسی جماعتوں کی مشاورت کے بعد ضابطہ اخلاق کی الیکشن کمیشن نے منظوری دے دی ہے، ضابطہ اخلاق کا باضابطہ نوٹیفکیشن آئندہ چند روز میں جاری کر دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے 8 فروری 2024 بروز جمعرات کو ملک بھر میں عام انتخابات کرانے کا اعلان کر رکھا ہے۔