ممبئی: بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ گزشتہ 25 سال سے گھر سے باہر ڈنر پر نہیں گئے جبکہ اُن کی زندگی چند قریبی دوستوں کے گِرد ہی گھومتی ہے۔
سلمان خان نے حال ہی میں بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیا جس میں اُنہوں نے اپنی مصروفیات اور ذاتی زندگی کے حوالے سے بات چیت کی اور بتایا کہ وہ اپنا فارغ وقت کہاں گُزارتے ہیں۔
سُپراسٹار نے کہا کہ “مجھے 25 یا 26 سال ہوگئے میں گھر سے باہر ڈنر کے لیے نہیں گیا یا شاید 26 سال سے بھی زیادہ ہوگئے ہوں گے، میں صرف اپنی شوٹنگ کے سلسلے میں گھر سے باہر جاتا ہوں”۔
اداکار نے کہا کہ “میں اپنے فارغ وقت میں گھر کے لان میں بیٹھتا ہوں یا پھر فارم پر جاتا ہوں اور اپنے اہلخانہ سے زیادہ اپنی ٹیم کے ساتھ وقت گُزارتا ہوں”۔
سلمان خان نے مزید کہا کہ “میں نے شاپنگ پر جانا چھوڑ دیا ہے لیکن جب میری والدہ ساتھ ہوتی ہیں تو اُن کے ساتھ گھر کے قریبی ریستوران میں کافی پینے چلا جاتا ہوں”۔
واضح رہے کہ رواں ماہ دیوالی کے موقع پر سلمان خان اور کترینہ کیف کی میگا ایکشن فلم “ٹائیگر 3″ ریلیز کی گئی تھی جس نے اب تک مجموعی طور پر 400 کروڑ سے زیادہ کا بزنس کرلیا ہے۔
فلم میں جہاں سلمان خان نے جاسوس ایجنٹ کا کردار ادا کیا ہے تو وہیں کترینہ کیف بھی زویا نامی جاسوس کے کردار میں نظر آئیں جبکہ عمران ہاشمی نے فلم میں وِلن کا کردار نبھایا ہے۔