کراچی: شہر قائد میں کل شام سے آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی ومعتدل بارش کا امکان ہے۔ بارش کے بعد درجہ حرارت گرنے اورسردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹرکی پیش گوئی کے مطابق جنوب مغربی بلوچستان میں مغربی ہواؤں کے بتدریج داخل ہونے والے سلسلے کےتحت ہفتے کی شام سے کراچی اور اس کے مضافات میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی اورمعتدل بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اتوارکو بھی شہر میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے،اتوارکو دیہی سندھ کے اضلاع تھرپارکر،عمرکوٹ، بدین، ٹھٹھہ اور میرپورخاص میں بھی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعے کو شہر میں کم سے کم درجۂ حرارت 18.5ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ 31.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
شہر میں بیشتروقت بلوچستان کی شمال مشرقی ہوائیں چلتی رہیں جن کی زیادہ سے زیادہ رفتار22کلومیٹرفی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔