اسلام آباد: پاکستان کی معروف فیشن ڈیزائنر ماریہ بٹ نے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے زندگی بھر انٹرنیشنل فوڈز چینزکا بائیکاٹ کرنے کا پیغام دے دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر فیشن ڈیزائنر ماریہ بٹ نے اپنے پیغام میں کہا کہ زندگی بھر کا بائیکاٹ فلسطین کے لیے لڑنے کا میرا طریقہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ عفریت جو فلسطین میں ہمارے بچوں کی نسل کشی کی حمایت کر رہے ہیں ان کو مجھ سے ایک روپیہ بھی نہیں ملے گا۔
ما ریہ بی نے اپنے پیغام میں کہا کہ بائیکاٹ ایک ٹرینڈ نہیں ہے، اب یہ میرا طرز زندگی ہے۔انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان میں معروف انٹرنیشنل فوڈ چینز کے مقابلے پرملکی فوڈ ٹرائی کرتے ہوئے کہا کہ ان کے برگرز کا ذائقہ اور کوالٹی انٹرنیشنل فوڈ چینز سے کہیں بہتر ہیں۔
فیشن ڈیزائنر نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ اگر آپ اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کی مدد کرنا چاہتے ہیں تو انٹرنیشنل فاسٹ فوڈز کا بائیکاٹ کریں۔ یہ برانڈز ہمارے دشمنوں کی مدد کرتے ہیں تا کہ وہ فلسطین میں ہمارے بچوں کی نسل کشی کر سکیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انٹرنیشنل جنک فوڈ چینز کا بائیکاٹ کرتے ہوئے پاکستانی پراڈکٹس اور لوکل انڈسٹری کو سپورٹ کریں اس سے ملکی معیشت کی بہتری میں بھی مدد ملے گی اور دشمنوں کو سپورٹ کرنے والی ان کمپنیز کو بھی پتہ چلے گا۔