واشنگٹن: ایک نئی تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ جنوب مشرقی ایشیاء میں سالن بنانے کا طریقہ تقریباً 2000 سال قبل متعارف کرایا گیا۔
حال ہی میں جرنل سائنس ایڈوانسز میں شائع ہونے والی تحقیق میں دنیا کی تاریخ میں مصالحہ جات کی عالمی تجارت کے کردار پر روشنی ڈالی گئی۔ تحقیق میں ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے ویتنام سے دریافت ہونے والے پتھر کے بنے مصالحہ پیسنے والے آلات کی سطح پر لگے پودوں کی باقیات کا جائزہ لیا۔
جنوبی ویتنام کے اس علاقے سے محققین نے مصلحہ پیسنے والی سِلیں اور ہاون دستے سے مشابہ آلات دریافت کیے تھے جو جنوبی ایشیاء کے قدیم دور میں سالن بنانے کے آلات کے طور پر استعمال کیے جاتے تھے۔ مطالعے میں سائنس دانوں کا کہنا تھا کہ تجزیہ کیے جانے والے آلات مختلف مصالحوں کے ذائقے باہر نکالنے کے لیے بنائے جاتے تھے۔
ان بقایات کا تعلق جنوبی ایشیاء اور انڈونیشیا کے مصالحہ جات سے ممکنہ طور پر جُڑ سکتا ہے جو آج کے دور کے جنوبی ایشاء میں پکائے جانے والے سالن کے لیے اہم اجزاء شمار کیے جاتے ہیں۔ واضح رہے جنوبی ایشیاء ایشیاء اور یورپ میں 4000 ہزار سال سے زائد کے عرصے سے مصالحہ جات کی فراہمی کا اہم ذریعہ رہا ہے۔