اسلام آباد(شہزاد پراچہ) نگران وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور دیگر مبینہ ن لیگی ورکرز کو وزارت اطلاعات و نشریات کے واٹس ایپ گروپ سے ڈیلیٹ کروا دیا۔
ذرائع کے مطابق نگران وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی نے ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشن سیل کا ہفتہ کے روز اچانک دورہ کیا،اس دوران انکشاف ہوا کہ میڈیا مانیٹرنگ سیل میں موجودسرکاری موبائل فون سے ن لیگ کے رہنماؤں کو خبریں اور رپورٹس حکومت ختم ہونے کے باوجود شیئر کی جا رہی تھی اس پر نگران وزیر اطلاعات نے افسران کو ڈانٹ پلاتے ہوئے تمام لیگی رہنماؤں بشمول مریم اورنگزیب کا موبائل نمبر سرکاری موبائل سے ڈیلیٹ کروا دیا۔
ذرائع نے بتایا کہ نگران وزیر اطلاعات نے بعد میں خود کو واٹس ایپ گروپ کا ایڈمن بھی بنا دیا اور افسران سے کہا کہ مجھے کیوں اس بارے نہیں بتایا گیا،ذرائع نے مزید بتایا کہ نگران وفاقی وزیر مرتضی سولنگی نے 78 کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والے مانیٹرنگ سیل پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ اس مانیٹرنگ سیل سے الیکٹرانک، پرنٹ اور ڈیجیٹل میڈیا کی نگرانی کا کام لیا جا رہا ہے، وزارت اطلاعات و نشریات نے گزشتہ سال ایک نجی کمپنی کو 78 کروڑ روپے کی مالیت کا آرٹیفیشل انٹیجلنس سافٹ وئیر بنانے کا پروجیکٹ دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق تقریبا ً ایک سال میں پروجیکٹ کی مد میں کمپنی کو خطیر رقم دی جاچکی ہے مگر پروجیکٹ سست روی کا شکار ہے، حال ہی میں پروجیکٹ ڈائریکٹر کا بھی تبادلہ کر دیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ وزارت اطلاعات و نشریات کے افسران سیل کی کارکردگی بارے نگران وفاقی وزیر کو مطمئن نہ کر سکے، اس معاملہ پر نگران وزیر اطلاعات و نشریات کا موقف جاننے کے لیے ان کو فون اور ٹیکسٹ بھیجے گئے مگر اسٹوری فائل کرنے تک کوئی جواب موصول نہ ہوا۔