اسلام آباد: العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں سزا کے خلاف اپیل پر سماعت کچھ دیر میں ہوگی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق درخواست کی سماعت چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کریں گے، نیب پراسکیوشن کی ٹیم اور نواز شریف کے وکیل امجد پرویز عدالت میں موجود ہیں۔
نواز شریف کی پیشی کے موقع پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں اور اردگرد پولیس نے سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کرلیے ہیں، پولیس کی بھاری نفری اسلام آباد ہائی کورٹ کے اندر اور باہر تعینات ہے۔ مسلم لیگ ن کے حامی وکلاء کی بڑی تعداد بھی ہائی کورٹ میں پہنچ چکی ہے جب کہ کارکنوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے تاہم کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں داخلے کی اجازت نہیں ہے۔
گزشتہ سماعت پر نواز شریف کے وکیل امجد پرویز نے سزا کے خلاف اپیل پر دلائل مکمل کیے۔ آج نیب کی جانب سے اپیل پر دلائل دیئے جائیں گے۔