قومی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے اپنی بیٹیوں کو اپنے لئے خوش قسمتی قرار دے دیا۔
دانیال شیخ کے پوسٹ کاسٹ شو میں شاہد آفریدی بطور مہمان شریک تھے، اس موقع پر شاہد آفریدی نے اپنی بیٹوں بارے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں بہت خوش قسمت ہوں کہ اللہ نے مجھے 5 بیٹیاں دی ہیں، یہ بیٹیاں دراصل میری زندگی کے رنگ ہیں، یہ میری قسمت ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے ہر بیٹی کی پیدائش پراپنی قسمت کو بدلتے ہوئے دیکھا ہے، دو بیٹیاں اپنے گھروں کی ہو چکی ہیں جبکہ تین بیٹیاں ابھی گھر میں موجود ہیں۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میں خوش قسمت ہوں کہ مجھے دو اچھے داماد اور دو اچھے بیٹے ملے۔
بیٹیوں کی تربیت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ میرا زیادہ وقت سفر میں گزرتا تھا میری اہلیہ کا تربیت میں بہت کردار ہے وہ ہی بچوں کا خیال رکھتی تھیں۔
اس موقع پر سابق آل راؤنڈر نے والدین کو تجویز دیتے ہوئے کہا کہ والدین کے لئے تعلیم بعد میں اہم ہونی چاہیے، ان کے لئے اولین ترجیح بچوں کی تربیت ہونی چاہیے۔