رواں سال واپڈا پن بجلی گھروں سے 34 ارب یونٹ سستی اور ماحول دوست بجلی پیدا ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال پن بجلی کی پیداوار اور واپڈا کے منصوبوں کیلئے بہتر ثابت ہوا،اہم اہداف حاصل کر لئے گئے۔
پن بجلی کی پیداوار2022 کی نسبت 2 ارب 20کروڑ یونٹ زیادہ ہے، اس اضافی پیداوار سے خزانہ کو تقریباً 106 ارب روپے کی بچت ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق مالی مشکلات کے باوجود واپڈا کے 8زیرتعمیرمنصوبوں پر کام جاری رہا،واپڈا نے فروری میں داسو پراجیکٹ پر دریائے سندھ کا رخ موڑنے کا سنگِ میل بھی عبور کیا۔
دیامربھاشا ڈیم پراجیکٹ پر بھی ٹیسٹ رن کے ذریعے دریائے سندھ کا رخ موڑا جا چکا ہے، رپورٹ کے مطابق مہمند ڈیم پراجیکٹ پر 3 سے 4 ماہ میں دریا ئے سوات کا رخ موڑ دیا جائے گا۔
واپڈا کے 8 زیرتعمیر منصوبے 2024 سے29-2028 تک مرحلہ وار مکمل ہوں گے، ان زیر تعمیر منصوبوں سے پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں 9.7 ملین ایکڑ فٹ اضافہ ہوگا۔
زیرتعمیر منصوبوں کی تکمیل پرآئندہ 5 سال میں واپڈا پن بجلی کی موجودہ پیداوار دوگنا ہو جائے گی، یہ منصوبے مکمل ہونے پر 10 ہزار میگاواٹ اضافہ سے پن بجلی کی پیداوارمیں تقریباً20 ہزار میگاواٹ ہو جائے گی۔