ابوظبی: متحدہ عرب امارات کے حکمرانوں نے دنیا کے امیر ترین خاندان کا اعزاز پالیا۔
امریکی جریدے کے مطاق دنیا کے امیر ترین 25 خاندانوں میں اماراتی حکمرانوں کا خاندان امریکا کے والٹن خاندان سے بھی آگے نکل کر دنیا کا امیرترین خاندان بن گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں برس یو اے ای کا حکمران خاندان النہیان مجموعی طور پر 305 ارب ڈالرز کے ساتھ فہرست میں سب سے اوپر ہے۔ گزشتہ 5 برس کے دوران یہ پہلی بار ہے کہ وال مارٹ کے مالکان کے علاوہ کوئی دوسرا خاندان دنیا کا امیر ترین قرار پایا ہے۔
بلومبرگ کے مطابق دوسرے نمبر پر والٹن خاندان، تیسرے پر فرانسیسی لگژری فیشن ہاؤس ہرمیس کے مالکان ہیں۔ امریکی خاندان مارس چوتھے،قطر کا شاہی خاندان الثانی پانچویں،امریکی کوچ انڈسٹریز کے مالکان چھٹے،سعودی عرب کا شاہی خاندان السعود ساتویں، بھارت کے ریلائنس انڈسٹریز کے مالکان امبانی خاندان آٹھویں،نویں پر فرانس کے لگژری فیشن ہاؤس کے مالکان،دسویں پر کینیڈا کے میڈیا ہاؤس تھامس رائٹر کے مالکان ہیں۔
امیر ترین خاندانوں میں امریکا کے 8، فرانس کے 4، جرمنی کے 3 جب کہ متحدہ عرب امارات، قطر، سعودی عرب، بھارت، کینیڈا، سویٹزرلینڈ، بیلجیئم، انڈونیشیا، اٹلی اورہانک کانگ کا ایک ایک خاندان شامل ہے۔