اسلام آباد: ملک کے 4 اضلاع میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
وزارت صحت کے مطابق 4 اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جن میں کراچی کا کیماڑی، حیدر آباد، چمن اور پشاور کے 4 نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان میں دنیا کا وسیع اور حساس ترین پولیو سرویلنس نظام موجود ہے، جس کی وجہ سے فوری وائرس کی تصدیق میں کامیابی ہوتی ہے۔ پولیو موقع پرست وائرس ہے جو کمزور قوت مدافعت کے حامل بچوں کو فوری نشانہ بناتا ہے۔
پولیو سے بچاؤ کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ بچوں کو وائرس اور معذوری سے بچانے کا واحد طریقہ پولیو ویکسینیشن ہے۔ والدین ہر مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں۔