کراچی: گڈاپ ٹاؤن میں واقع نجی فارم ہاؤس کے قریب پکنک پرآئےمتعدد شہریوں کو لوٹ لیا گیا،ڈکیتوں نے پیچھے آنے پرفائرنگ کرکے ایک نوجوان کو زخمی بھی کردیا۔
رابطہ کرنے پرایس ایچ اوگڈاپ زوارحسین نے بتایا کہ بدھ کی شب گولیمار کے رہائشی 20 سے 25 نوجوان کوسٹرمیں پکنک پرگڈاپ ٹاؤن آئے تھے، الجنت فارم ہاؤس سے کچھ فیصلے پر2 موٹرسائیکلوں پرسوار5 مسلح ملزمان نے اسلحے کے زورپرکوسٹرکوروک لیا اورلوٹ مارشروع کردی۔
انھوں نے بتایا کہ کوسٹرمیں 20 سے 25 نوجوان سوار تھے، نامعلوم مسلح ملزمان نے تمام نوجوانوں سے موبائل فونز،نقدی اوردیگرسامان لوٹ لیا۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ واردات کے بعد قریبی گاؤں کے رہائشی بڑی تعداد میں موقع پرجمع ہو گئے تھے اوررہائشی ڈکیتوں کو پکڑنے کے لیے ان کے پیچھے بھاگے تومسلح ملزمان نے فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں 22 سالہ نوجوان نبیل بخش ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوگیا جبکہ مسلح ملزمان بلوچستان کی جانب فرارہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ اطلاعات کے مطابق مسلح ملزمان بڑے ہتھیاروں سے لیس تھے اور بلوچستان سے واردات کرنے آئے تھے۔
انھوں نے بتایا کہ واردات سے متعلق کوئی بھی شہری رپورٹ درج کرانے تھانے نہیں آیا تاہم پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے اور واردات میں ملوث ملزمان کا سراغ لگایا جا رہا ہے۔