یوراگوئے: 2015 کے مس ورلڈ مقابلے میں یوراگوئے کی نمائندگی کرنے والی سابقہ مس ورلڈ اُمیدوار اور بیوٹی کوئین شیریکا ڈی آرماس 26 سال کی عمر میں چل بسیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابقہ مس ورلڈ اُمیدوار اور بیوٹی کوئین شیریکا ڈی آرماس، گزشتہ دو برس سے سروائیکل کینسر سے جنگ لڑ رہی تھیں۔ تاہم، وہ 13 اکتوبر کو انتقال کرگئیں۔
شیریکا ڈی آرماس کے بھائی میک ڈی آرماس نے اپنی بہن کی موت پر گہرے دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر بہن کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اُنہوں نے کہا تھا کہ ‘مجھے فیشن سے متعلق ہر چیز پسند ہے اور میں سمجھتی ہوں کہ میری طرح کی ہر لڑکی کا خواب ہوتا ہے کہ وہ کسی بھی طرح مس یونیورس میں شرکت کا موقع حاصل کرلے’۔
شیریکا ڈی آرمس نے چین کے شہر سانیا میں منعقدہ 2015 کے مس ورلڈ مقابلے میں حصہ لیا تھا، وہ ٹاپ 30 اُمیدواروں میں جگہ نہیں بنا سکی تھیں لیکن اس کے باوجود بھی اُنہوں نے اپنی خوبصورتی، لمبے قد اور پُرکشش شخصیت کی بنا پر خوب تعریفیں سمیٹی تھیں۔
واضح رہے کہ سروائیکل کینسر، جس کی وجہ سے شیریکا ڈی آرماس کی موت ہوئی، یہ خواتین میں سب سے زیادہ عام ہے۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق، 2018 میں کیے گئے ایک سروے سے معلوم ہوا کہ دنیا بھر میں 570,000 خواتین میں سروائیکل کینسر کی تشخیص ہوئی اور تقریباً 311,000 خواتین کی اس بیماری سے موت واقع ہوئی۔