لاس اینجلس اولمپکس 2028 کیلئے کرکٹ کو بھی دیگر گیمز کی طرح باقاعدہ طور پر اولمپکس میں شامل کرنے کی منظوری دیدی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اولمپکس کی تاریخ میں کرکٹ کو اولمپک گیمز میں صرف دوسری بار شامل کیا جارہا ہے، انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے ایگزیکٹو ممبران نے فیصلے کی منظوری دیدی۔
سال 1900 میں آخری بار کرکٹ کا کھیل اولمپکس میں کھیلا گیا تھا، جسکا فائنل انگلینڈ اور فرانس کی ٹیموں کے درمیان ہوا جبکہ نیدرلینڈز اور بیلجیم کی ٹیمیں ایونٹ سے دستبردار ہوگئیں تھی۔
انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر تھامس باخ نے کہا کہ کرکٹ کو اولمپکس میں شامل کرنے کا فیصلہ لاس اینجلس کے منتظمین کی درخواست کے بعد کیا گیا ہے، ٹی20 کرکٹ کا ورژن، بین الاقوامی مقابلوں میں تیز ترین اور سب سے زیادہ دلچسپ ہے۔ اس فارمیٹ کو اس کے شاندار سنسنی اور وسیع پیمانے پر مقبولیت کی وجہ سے سب سے بڑے پلیٹ فارم پر کرکٹ کی نمائندگی کیلئے منتخب کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سال 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ اپنا ڈیبیو کرے گی بلکہ اس کے علاوہ بہت سے دوسرے کھیل بھی کھیلے جائیں گے،
آرگنائزنگ کمیٹی کی اضافی کھیلوں کی تجویز میں سافٹ بال، ٹی20 کرکٹ، فلیگ فٹبال اور اسکواش شامل ہیں۔
واضح رہے کہ اولمپک کمیٹی کے ارکان اگلے پیر کو رائے شماری میں ووٹ ڈالیں گے بعدازاں حتمی طور پر کھیلوں کی شمولیت کا اعلان ہوگا۔
اولمپک گیمز میں 128 سال بعد کرکٹ کی واپسی کا امکان روشن ہوگیا ہے، لاس اینجلس گیمز 2028 میں مینز اور ویمنز کے ایونٹس میں 5، 5 ٹیموں کو ایکشن میں آنے کا موقع دینے کا پلان بنایا جارہا ہے۔