Trending Now

ورلڈکپ؛ پاکستانی ٹیم کو وائرل بخار نے لپیٹ میں لے لیا

کراچی: بھارت میں موجود پاکستانی ٹیم کو وائرل بخار نے لپیٹ میں لے لیا، کئی کرکٹرزصحتیاب ہوگئے جبکہ بعض اب بھی بحالی صحت کیلیے کوشاں ہیں۔

بھارت سے بدترین شکست کے بعد گرین شرٹس کو پلیئرز کی صحت پر بھی تشویش لاحق ہے، کئی کرکٹرز وائرل بخار کا شکار رہے، البتہ بورڈ نے یہ بات میڈیا سے چھپائے رکھی۔

گزشتہ روز پہلے اعلان ہوا کہ ٹریننگ سیشن منسوخ کر دیا گیا ہے، جب میڈیا میں فٹنس مسائل پر چہ مگوئیاں ہونے لگیں تو پی سی بی نے نوٹ جاری کیا کہ ٹیم کے کئی کرکٹرز گذشتہ کچھ روز بخار میں مبتلا رہے،ان میں سے بیشتر اب صحتیاب ہو چکے،دیگر بدستور میڈیکل پینل کی زیرنگرانی بحالی صحت کا عمل مکمل کریں گے۔

ذرائع کے مطابق شاہین آفریدی اور اسامہ میر کو بھی بخار تھا تاہم دونوں کی طبیعت اب بہتر ہے، پروٹوکول کے تحت بخار کی علامت پر پلیئرز کے کوویڈ اور ڈینگی ٹیسٹ بھی ہوئے تھے۔

دریں اثنا گذشتہ شام 6 سے رات 8بجے تک ٹیم کا پریکٹس سیشن ہوا،اس میں 12 کھلاڑی شریک ہوئے جبکہ عبد اللہ شفیق، شاہین آفریدی ،محمد رضوان، سلمان علی آغا، محمد حارث اور زمان خان نے ہوٹل میں ہی آرام کیا، کپتان بابر اعظم سمیت دیگر پلیئرز نے بھرپور نیٹ پریکٹس کی، کوچز کھلاڑیوں کی خامیاں دور کراتے نظر آئے، بیٹنگ اور بولنگ کے ساتھ فیلڈنگ پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا چوتھا میچ آسٹریلیا کے خلاف 20 اکتوبر کو بنگلورو میں کھیلے گی، سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل رہنے کیلیے اب غلطیوں سے گریز کرتے ہوئے تسلسل سے عمدہ کھیل پیش کرنا ہوگا۔

Read Previous

چلتے ہوئے مڑنے میں مشکل الزائمر کی ابتدائی علامات ہوسکتی ہے، تحقیق

Read Next

پیپر ایکس نامی مرچ دنیا کی تیز ترین مرچ قرار

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *