پٹرول کی قیمت میں 140 روپے کمی کی تجویز، گورنر سندھ کی جانب سے حکومت کو پٹرول کی قیمت میں مزید 100 روپے کمی کی تجویز دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے پٹرول کی قیمت میں 140 روپے کمی کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ دعا ہے مہنگائی بھی ختم ہو۔ منگل کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں 40 روپے نہیں 140 روپے کم ہونی چاہیئے۔
یہاں واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں گرنے اور ملکی کرنسی مارکیٹ میں ڈالر سستا ہونے کی وجہ سے نگران وفاقی حکومت نے 15 اکتوبر کو پٹرول کی قیمت میں ملکی تاریخ کی سب سے بڑی کمی کا اعلان کیا۔ حکومت نےعالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے رحجان اور امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کے استحکام کے پیش نظر پٹرول کی قیمت میں 40روپے اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 15روپےکی کمی کا اعلان کیا۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 16اکتوبر 2023سے ہوا ۔ وزارت خزانہ کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 40 روپے کی کمی کی گئی ہے جو 323روپے 38پیسے سے کم ہو کر 283 روپے 38پیسے پر آگئی ہے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 15روپے کی کمی کی گئی ہے ۔ ہائی سپیڈ ڈیز ل کی قیمت 318روپے 18پیسے سے کم ہو کر 303 روپے 18پیسے مقرر کر دی گئی ہے ۔ بعد ازاں نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر چیزیں سستی کرنے کی ہدایت کردی۔
انہوں نے ایکس پر اپنے بیان میں پیغام دیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کی گئی ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل ہونا چاہیے۔ وزرائے اعلیٰ ضروری اشیا کی قیمتوں کو کم کرنے کیلئے اقدامات کریں، نگران وزیراعظم نے وفاقی اور صوبائی حکام کو پرائس کنٹرول طریقہ کار فعال کرنے کی ہدایت بھی کی۔