اسلام آباد: نواز شریف کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش کے موقع پر عدالت کے باہر ن لیگی کارکنان آپس میں لڑ پڑے، دو کارکنان زخمی ہوگئے اور دو کارکنوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کے درمیان شدید لڑائی ہوئی جس میں کارکنان تلخ کلامی کے بعد گتھم گتھا ہوگئے، مار کٹائی کی اور ایک دوسرے پر ڈنڈے برسا دئیے۔
اطلاعات ہیں کہ گلگت اور کے پی سے آئے ہوئے کارکنان کے درمیان لڑائی ہوئی جس کے سبب کم از دو کارکن زخمی ہوئے۔ پولیس نے لڑائی جھگڑا کرنے کے جرم میں دو کارکنان کو حراست میں لے لیا۔