ممبئی: بالی ووڈ کی مقبول ترین جوڑی دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی شادی کی ویڈیو پہلی بار منظرِ عام پر آگئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلمساز کرن جوہر کے مقبول ترین شو “کافی ود کرن” کے 8ویں سیزن کا آغاز ہوگیا ہے، جس کی پہلی قسط میں دیپیکا پڈوکون اور اُن کےشوہر رنور سنگھ نے بطورِ مہمان شرکت کی۔
بالی ووڈ کی اس معروف جوڑی نے پہلی بار شو “کافی ود کرن” میں ایک ساتھ شرکت کی، اسی شو کے دوران کرن جوہر نے دیپیکا اور رنویر سنگھ کی شادی کے 5 سال بعد اُن کی شادی کی ویڈیو شیئر کی۔
ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی شادی کی ویڈیو کو عوامی سطح پر شیئر کیا گیا ہو، اس ویڈیو کا مداحوں کو بےصبری سے انتظار تھا۔
ویڈیو میں بالی ووڈ اسٹار جوڑے کی شادی کی مختلف تقریبات کی جھلکیاں ہیں، ویڈیو کا آغاز ایک پارٹی کی تقریب سے ہوتا ہے جس میں رنویر سنگھ مہمانوں کے سامنے دیپیکا کے لیے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہیں۔
ویڈیو کلپ میں مہندی کی تقریب کی جھلکیاں بھی ہیں، جہاں رنویر سنگھ ڈانس کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں جبکہ دیپیکا پڈوکون مسکرا رہی ہیں، ویڈیو میں اس جوڑے کی منگنی کی جھلکیاں بھی ہیں۔
واضح رہے کہ رنویر سنگھ نے 2015 میں دیپیکا پڈوکون سے اپنی محبت کا اظہار کیا تھا جبکہ 2018 میں اس جوڑے نے اٹلی میں ایک پُروقار تقریب کے دوران شادی کی تھی۔