نگراں وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، ہمیں ہر میدان میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق کرغستان کے دارالحکومت بشکیک میں جاری شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان حکومت کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ پاکستان ایس سی او میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔
نگراں وزیرخارجہ نے کہا کہ ایران کو مکمل ممبر کے طور پر ایس سی او میں کیا گیا ہے، ایس سی او فورم معاشی چیلنجز سے نمٹنے، معیشت کی بحالی اور امن کے لئے اہم کردارادا کر رہا ہے، اس کے ممبران کان کنی، آئی ٹی، توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، سی پیک علاقائی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، اس منصوبے سے ایس سی او ممالک کے روابط کو فروغ ملے گا، ہمیں ہر میدان میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔