ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں رقص و سرور سے بھرپور تفریحی میلے ریاض سیزن کا آغاز ہوگیا۔ اس ایڈیشن کا مرکزی خیال ’بگ ٹائم‘ ہے جو سعودی شائقین کو بے انتہا تفریح فراہم کرے گا۔
سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام ہونے والے اس رنگارنگ میلے میں موسیقی و رقص کے پروگرامز، کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوں گے۔
سیزن میں دنیا بھر سے متعدد غیرملکی اداکار، موسیقار اور معروف شخصیات شرکت کررہی ہیں۔ معروف فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو، ان کی گرل فرینڈ جورجینا اور بھارتی اداکار سلمان خان سمیت مختلف شخصیات اس میلے میں شریک ہیں۔ لبنانی گلوکارہ نانسی عجرم نے بھی میلے کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔
ریاض سیزن 2023 کے پہلے دن عالمی چیمپئن مائیک ٹائسن کے نام پر بننے والے باکسنگ جم کا افتتاح کیا گیا۔
سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ ترکی آل الشیخ ریاض نے اس ایونٹ کو ممکن بنانے کےلیے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔
ریاض سیزن میں رواں سال ’لیجنڈز میوزیم‘بھی شروع کیا جائے گا جس میں دنیا بھر کے نامور فٹ بال کھلاڑیوں کی اشیا نمائش کے لیے رکھی جائیں گی۔ اس بار ریاض سیزن میں پہلی بار ڈزنی قلعے اور باربی ورلڈ کو متعارف کروایا جائے گا۔